منگلورو23؍مئی (ایس او نیوز)کانگریس اور جے ڈی ایس مشترکہ محاذ کی طرف سے آج شام ودھان سودا میں جنتا دل کے ریاستی سیکریٹری ایچ ڈی کمارا سوامی بطور وزیر اعلیٰ حلف لینے اور اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے والے ہیں ۔ اس پس منظر میں شہر منگلورو میں حالات کو پر امن بنائے رکھنے کے لئے امتناعی احکامات کا نفاذ کردیا گیا ہے۔
منگلورو پولیس کمشنروپول کمار نے کہا کہ :’’وزیر اعلیٰ کے حلف لینے اور اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے پس منظر میں مختلف سیاسی پارٹیوں کا کارکنان درمیان جھڑپ ہونے کے امکانات ہیں۔منگلورو کمشنریٹ کا علاقہ چونکہ فرقہ وارانہ حیثیت سے بہت ہی حساس ہے اور یہاں پر ابھی15مئی کو ووٹنگ کی گنتی کے وقت بھی سیاسی کارکنان کے بیچ تصادم ہواتھا۔جس کے بعد کئی معاملات پولیس نے درج کیے ہیں۔لہٰذا امکان ہے کہ اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرتے وقت یہاں سیاسی اور فرقہ وارانہ تشدد بھڑک اٹھے۔اس لئے احتیاطی تدبیر کے طور پر23مئی دوپہر 2بجے سے 24مئی شام 4بجے تک منگلورو پولیس اسٹیشن کے حدود میں پولیس ایکٹ کی دفعہ 25کے تحت امتناعی احکامات کا نفاذ کردیا گیا ہے۔‘‘
امتناعی احکامات کے تحت لوگوں کو کسی جگہ جمع ہونے،بندوق، تلوار، چاقو، چھرے ، ڈنڈے اور چھڑیوں جیساکوئی بھی ہتھیار ساتھ لے کر چلنے ، جشن یا احتجاج کے جلوس اور ریالیاں نکالنے، پٹاخے پھوڑنے، بارودی سامان لے کر چلنے، پتھر پھینکنے والے آلات ساتھ میں رکھنے، کیمیاوی اشیاء ساتھ میں رکھنے ،نعرے بازی کرنے ، اشتعال انگیز تقاریر کرنے ، گانے اور میوزک بجانے اور اشتہارات یا ہینڈ بلس تقسیم کرنے وغیر ہ کی اجازت نہیں ہوگی۔
خیال رہے کہ کرناٹکا کے گورنر واجو بھائی والا نے اپنے حقوق کا بے جا استعمال کرتے ہوئے104اراکین والی پارٹی بی جے پی کو حکومت سازی کے لئے 15دن کی مہلت دی تھی۔جبکہ 117اراکین والے کانگریس اور جے ڈی ایس محاذ کو نظر انداز کرتے ہوئے 17مئی کے دن بی جے پی کے ایڈی یورپا کو وزیر اعلیٰ کا حلف بھی دلایا گیا تھا۔اس کے خلاف کانگریس اور جنتا دل نے دیر رات گئے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایااورسپریم کورٹ نے بی جے پی کو حکم دیا کہ 19مئی کو ہی وہ اپنی عددی طاقت کا مظاہرہ خفیہ ووٹنگ کے بجائے کھلے عام کرکے دکھائے۔مگر چند گھنٹوں کے وزیر اعلیٰ نے کانگریس جے ڈی ایس اتحاد کے سامنے گھٹنے ٹیک دئے اور19مئی کو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بجائے اپنا استعفیٰ گورنر کو سونپ دیا۔
اس کے بعد کانگریس اور جے ڈی ایس والی مشترکہ حکومت سازی کے لئے آج23مئی کو اعتماد کا ووٹ حاصل کیا جائے گا، جس میں جنتا دل کے کمارا سوامی وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے ڈاکٹر جی پرمیشور نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے والے ہیں۔